سی ڈی کیسے بنائیں
آئی ایس او ISO فائل میں ڈسک (سی ڈی یا ڈی وی ڈی) کا سیکٹر 0 سے آخر تک مکمل عکس ہوتا ہے، فائل کی یہ ساخت انٹرنیٹ پر سی ڈی یا ڈی وی ڈی کی تصاویر/عکس (images) تقسیم کرنے میں استعمال ہوتی ہے، تاہم ان کا زیادہ تر استعمال لینکس کی ڈیسٹریبیوشنز کو ڈاؤنلوڈ کے لیے پیش کرنے کے لیے ہوتا ہے، دیگر ڈیسٹریبیوشنز کی طرح پاک لینکس بھی اسی ساخت میں ڈاؤنلوڈ کے لیے پیش کی جاتی ہے، اسے ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد آپ کسی بھی سی ڈی/ڈی وی ڈی برننگ (burning) سوفٹ ویئر کو استعمال کر کے پاک لینکس کی سی ڈی یا ڈی وی ڈی تیار کر سکتے ہیں.
مختصراً آئی ایس او امیج ISO 9660 CD-ROM یا DVD-ROM کا امیج یا تصویر/عکس ہے. ISO دراصل International Organization for Standardization کا مخفف ہے. آخری دو حروف الٹنے کا مقصد اسے ایک یونانی لفظ iso سے ملانا ہے جس کا مطلب مساوی (equal) ہے، یوں اسے آئیزو بھی پڑھا جاتا ہے
.
.
یہ چونکہ محفوظہ (archive) طرز کی ساخت ہے اسی لیے زیادہ تر محفوظہ کے اطلاقیے جیسے ونزپ یا ونرار اسے خود سے منسلک کر لیتے ہیں اور اس کی آئکن ونرار یا ونزپ کی آئکن کے طور پر ظاہر ہو رہی ہوتی ہے، زیادہ تر صارفین آئی ایس او فائل کو ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد دو عمومی غلطیاں کرتے ہیں، یا تو وہ اسے بالکل ویسے ہی اٹھا کر سی ڈی یا ڈی وی ڈی پر کاپی کر دیتے ہیں یا پھر وہ اسے ونزپ یا ونرار سے کشید (extract) کر کے اس کا مواد سی ڈی پر کاپی کردیتے ہیں اس طرح وہ دراصل ڈیٹا سی ڈی بنا رہے ہوتے ہیں جو بوٹبل (bootable) نہیں ہوتی، آئی ایس او فائل سے بوٹبل سی ڈی یا ڈی وی ڈی بنانے کے لیے لازم ہے کہ اسے سی ڈی پر بطور آئی ایس او امیج ISO image کے کاپی کیا جائے بصورتِ دیگر سی ڈی کبھی بوٹ نہیں ہوگی.
آئی ایس او امیج سے بوٹبل سی ڈی تیار کرنے کے لیے کئی اطلاقیے دستیاب ہیں، تاہم انفرا ریکارڈر InfraRecorder ایک بہترین، آسان اور مفت اطلاقیہ ہے، آپ اسے یہاں سے مفت ڈاؤنلوڈ کر کے نصب کر سکتے ہیں، نصب کرنے کے بعد جب آپ اسے چلائیں گے تو یہ کچھ یوں نظر أئے گا:
یہاں آپ نے Write Image کے آپشن پر کلک کرنا ہے اور جہاں آپ نے آئی ایس او فائل ڈاؤنلوڈ کی ہے اس کی جگہ بتانی ہے:
آئی ایس او فائل منتخب کرنے کے بعد برننگ کے اختیارات کا مکالمہ ظاہر ہوگا، یہاں صرف ایک بات کا خیال رکھیں کہ برننگ کی رفتار کم یا درمیانی رکھیں، اس سے برننگ کے عمل کی ناکامی کے امکانات کم ہوتے ہیں اور سی ڈی بہتر معیار کی تیار ہوتی ہے.
اگر آپ ونڈوز سیون استعمال کر رہے ہیں تو آپ کو کسی قسم کے اطلاقیے کی ضرورت نہیں ہے، آئی ایس او امیج پر رائٹ کلک کریں اور Burn Disc Image منتخب کریں:
ڈسک برنر کی فہرست میں سے اپنا رائٹر منتخب کریں اور Burn پر کلک کریں: